چناب نگر

سی فوٹی سیون نیوز آپ کی آواز (سی فوٹی سیون نیوز) سی فوٹی سیون نیوز آپ کی آواز(سی فوٹی سیون نیوز )سی فوٹی سیون نیوز آپ کی آواز

Thursday 15 September 2016

ٹی ایم اے چنیوٹ آلائشوں کو ٹھکانے لگانے میں کتنی کامیاب؟ 15 ستمبر 2016

ٹی ایم اے چنیوٹ آلائشوں کو ٹھکانے لگانے میں کتنی کامیاب؟
15 ستمبر 2016





عید کے تین دن گزر گئے لیکن جانوروں کی آلائشیں ابھی بھی مختلف جگہوں پر پڑی ہیں جو نہ صرف بدبو پھیلا رہی ہیں بلکہ مختلف قسم کی امراض کے پیدا ہونے کا سبب بھی بن رہی ہیں شہری جگہ جگہ پڑی آلائشوں سے تنگ نظر آ رہے ہیں۔یاد رہے کہ تحصیل میونسپل ایڈمنسٹریشن چنیوٹ نے عیدالاضحیٰ پر آلائشیں ٹھکانے لگانے کے لیے خصوصی منصوبہ ترتیب دیا تھا جس کے تحت دو سو سے زیادہ ملازمین نے عید کے ایام میں ضلع بھر سے آلائشیں اکٹھی کرنا تھیں۔عید کے موقع پر تمام ٹی ایم اے ملازمین کی چھٹیاں بھی منسوخ کر دی گئی تھیں تاہم ضلع کے کئی علاقوں میں ابھی آلائشیں سڑکوں پر ہی پڑی ہیں جن سے اٹھنے والے تعفن سے اہل علاقہ کو شدید مشکلات کا سامنا ہے۔مشتاق احمد ناصر پریس فوٹو گرافر کے طور پر کام کرتے ہیں۔ان کا کہنا تھا کہ ضلع چنیوٹ تین تحصیلوں پر مشتمل ہے لیکن افسوس ناک امر یہ ہے کہ ابھی تک یہاں صرف ایک ہی میونسپل کمیٹی قائم ہے یہی وجہ ہے کہ ضلع میں کسی بھی جگہ کوئی مسئلہ ہو چنیوٹ میں موجود ایڈمنسٹریشن ہی اس کا کام کرتی ہے۔سید عابد علی شاہ سابق ناظم اور موجودہ بلدیاتی الیکشن میں بطور کونسلر منتخب ہوئے ہیں۔وہ بتاتے ہیں کہ حالیہ بلدیاتی الیکشن میں چنیوٹ، چناب نگر، لالیاں اور بھوآنہ چار علاقوں میں میونسپل کمیٹیوں کے الیکشن کرائے گئے جس کا مقصد علیحدہ علیحدہ میونسپل ایڈمنسٹریٹر بنانا بتایا گیا تھا تاہم یہ سب صرف الیکشن کی حد تک ہی نظر آتا ہے۔'گزشتہ سالوں میں بھی عیدالاضحیٰ پر جانوروں کی آلائشیں گلیوں میں ایک ایک ہفتہ پڑی رہتی تھیں جس سے ان علاقوں میں بدبو اور تعفن پھیل جاتا تھا لیکن انہیں اُٹھانے والا کوئی نظر نہیں آتا اور اس بار بھی ایسا ہوتا ہی نظر آ رہا ہے۔انہوں نے کہا کہ میونسپل ایڈمنسٹریشن کے آفیسر اس وقت کم عملے کا رونا روتے ہیں جو کسی حد تک سچ بھی ہوتا ہے۔محلہ راجے والا کے رہائشی نوشیر احمد کا کہنا ہے کہ عیدالاضحیٰ پر آلائشیں اور اوجھڑیاں نہ اٹھانے کے لیے ٹی ایم اے کا محکمہ کم عملے کا رونا روتا ہے جبکہ حقائق کچھ اور ہیں۔'آلائشوں کے اُٹھانے کے لیے عارضی ملازم تک رکھے جاتے ہیں، پیٹرول کی مد میں لاکھوں روپے نکلوائے جاتے ہیں، گاڑیاں کرائے پر حاصل کی جاتی ہیں لیکن ہوتا کچھ نہیں۔'انہوں نے بتایا کہ اس بار بھی سڑک پر اوجھڑیاں اور دیگر سامان کتے نوچ رہے ہیں لیکن عملہ انہیں اٹھانے کی زحمت نہیں کر رہا ہے جس کی وجہ سے وہ پریشانی میں مبتلا ہیں۔گورنمنٹ مدرستہ البنات گرلز ہائی سکول کی ٹیچر ناہید اختر کا کہنا تھا کہ گھر سے سکول تک کا سفر تقریبا ایک کلومیٹر بنتا ہے جو روزانہ وہ پیدل طے کرتی ہیں لیکن آج شدید تعفن اور بدبو کی وجہ سے چلنا محال تھا۔'میرا گزشتہ سالوں میں بھی یہ گندگی یہاں ہفتوں پڑی رہی ہے اور اس بار بھی کچھ مختلف ہوتا نظر نہیں آ رہا ہے کیونکہ وعدے تو پچھلے سالوں میں بھی بہت کیے گئے تھے لیکن عمل نہیں کیا گیا تھا۔'عمران اصغر سندھو کا کہنا تھا کہ ان کے محکمے کے پاس صفائی کا عملہ بہت کم ہے جس کے لیے اخبار اشتہار دیا گیا تھا جس کے لیے امیدواروں کے انٹرویوز مکمل ہو چکے ہیں اور اب کچھ ہی دنوں میں بھرتی کا عمل بھی مکمل کر لیا جائے گا۔انہوں نے بتایا کہ نئی بھرتی کے عمل میں چار سو نئے خاکروب ملازمت پر رکھے جائیں گے۔ان کے مطابق عیدالاضحیٰ کے لیے کافی بہتر پلان بنایا گیا تھا جس میں پرائیویٹ طور پر بھی گاڑیاں کرائے پر حاصل کی ہیں جبکہ پچاس خاک روب ڈیلی ویجز پر بھرتی کیے ہیں اس لیے باقی ماندہ آلائشوں کو جلد اٹھا لیا جائے گا۔انہوں نے مؤقف اختیار کیا کہ عوام بھی ان کے ساتھ تعاون کرے اور آلائشوں کو گلیوں کی بجائے مین شاہرات جہاں پر پوائنٹ بنائے گئے ہیں وہاں پھینکے تاکہ بہتری پیدا ہو سکے۔

No comments:

Post a Comment